ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / سرسی۔کمٹہ شاہراہ کی توسیع کا معاملہ؛ درختوں کی کٹائی کا کام شروع ہونے پر ماہر ماحولیات کا اعتراض؛ درختوں کی کٹائی روکنے کا مطالبہ

سرسی۔کمٹہ شاہراہ کی توسیع کا معاملہ؛ درختوں کی کٹائی کا کام شروع ہونے پر ماہر ماحولیات کا اعتراض؛ درختوں کی کٹائی روکنے کا مطالبہ

Sat, 20 Feb 2021 20:10:42    S.O. News Service

کمٹہ:20؍فروری (ایس اؤ نیوز)سرسی  اور کمٹہ کے  درمیان واقع  ریاستی  شاہراہ کی تعمیر کے لئے کام شروع ہوچکاہے۔ پہلے مرحلےکے طورپر شاہراہ کنارےموجود درختوں کی کٹائی کاکام  کرنے کےدوران  ماحولیات کے ماہرین نے سخت اعتراض جتایاہے۔

 بنگلورو کی یونائٹیڈ کنزرویشن موومنٹ (یوسی ایم )ادارے نے حتمی اجازت ملنے سے پہلے ہی شاہراہ کا کام شروع کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے  کہ  شاہراہ کی توسیع کو لےکرادارے کی طرف سے ریاستی ہائی کورٹ میں 22دسمبر 2020کو عرضی داخل کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا تھاکہ شاہراہ کی توسیع کے لئے درختوں کٹائی نہ ہو۔اسی عرضی کی بنیاد پرعدالت نے جنوری 2021کو  قومی شاہراہ اتھارٹی (این ایچ اے آئی ) کو نوٹس جاری کی تھی۔

ادارہ کا کہنا ہے  کہ فاریسٹ محکمہ نے 23ستمبر 2020کو دی گئی منظوری کی بنیاد پر کام شروع کیاہے۔ لیکن کام شروع کرنے سے پہلے فاریسٹ محکمہ اور این ایچ اے آئی کی طرف سے اجازت نہ لینے کاادارے نے  الزام لگایا ہے۔ جلدبازی میں درختوں کی کٹائی سے عدالت کی توہین ہوگی۔ ادارہ کے مطابق  دونوں محکمہ جات کے افسران اس بات کو اچھی طرح جانتےہیں۔ اس کے باوجود کام کو جاری رکھنا ٹھیک نہیں ہے۔ ادارے نے فوری طورپر درختوں کی کٹائی روکنےکا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہےکہ سرسی کمٹہ کی58.92کلومیٹر لمبی  ریاستی شاہراہ کو 440.16کروڑروپیوں کی لاگت سے قومی شاہراہ میں منتقل کیا جا رہاہے۔ مرکزی حکومت کے ساگر مالا منصوبے کے تحت تدڈی اور بیلکیری کے درمیان رابطہ پیدا کرنے کے لئے شاہراہ کی تعمیر کی جارہی ہے۔ سرسی اور ہوناور فاریسٹ زون سے یہ شاہراہ گزرتی ہے۔


Share: